روس کو جاپان کے امریکی میزائل ہٹانے کے وعدوں پر اعتماد نہیں، نائب وزیر خارجہ

Andrey Rudenko Andrey Rudenko

ماسکو (صداۓ روس)

روس نے جاپان کی جانب سے مشترکہ فوجی مشقوں کے اختتام پر امریکی میزائل نظام ہٹانے کے وعدے پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسے اقدامات کا جواب دیا جائے گا۔ روسی نائب وزیر خارجہ آندرے رودینکو نے روسی اخبار ازویستیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جاپانی حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ فوجی مشقیں ختم ہونے کے بعد امریکی میزائل نظام کو جاپانی سرزمین سے ہٹا لیا جائے گا، تاہم روس کو موجودہ جاپانی حکومت پر بہت کم اعتماد ہے۔ آندرے رودینکو نے کہا کہ روس نے جاپان کو واضح طور پر خبردار کردیا ہے کہ ایسے اقدامات کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ رپورٹس کے مطابق امریکا نے جاپان کے جنوب مغربی حصے میں واقع مرکزی جزیرے کیوشو پر جون سے ستمبر تک ہونے والی فوجی مشقوں کے لیے اپنے ٹائفون زمینی میزائل نظام تعینات کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ یہ نظام درمیانے اور کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائل داغنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ مشقوں کے دوران ہیمارس متعدد راکٹ لانچر نظام بھی تعینات کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

روس نے جاپان کی سرزمین سے امریکی ٹائفون میزائل نظام واپس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے اس سے قبل کہا تھا کہ ٹائفون میزائل نظام کی تعیناتی سے ہونے والی فوجی مشقیں خطے میں روس کے مفادات اور سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔