ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ روس میں انتخابات کو سبوتاژ کرنے اور ملک کے داخلی معاملات میں مداخلت کی غیر ملکی خفیہ اداروں کی تمام کوششیں ناکام ہوگئیں۔ صدر پوتن نے حالیہ انتخابات میں ریاستی دوما کی نشستیں حاصل کرنے والی سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے ملاقات کے دوران کہا کہ انتخابی مہم میں خلل ڈالنے اور روس کے داخلی معاملات میں مداخلت کی تمام کوششیں مکمل طور پر ناکام رہیں۔ روسی صدر کے مطابق ایسی کوششوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عمل درآمد کیا گیا، جن میں دہشت گردانہ طریقوں اور غیر ملکی خفیہ اداروں کے استعمال سمیت مختلف ذرائع شامل تھے۔ ولادیمیر پوتن نے کہا کہ روسی عوام نے اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرنے کے روسی شہریوں کے خودمختار حق کا دفاع کیا ہے۔