ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ روسی افواج پورے محاذ پر مستقل پیش قدمی کر رہی ہیں اور ستمبر کے دوران تقریباً 1300 مربع کلومیٹر علاقہ آزاد کرایا گیا ہے۔ خصوصی فوجی آپریشن کے علاقے میں مشترکہ فورس کی ذیلی کمانڈ پوسٹ کے دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ روسی مسلح افواج خصوصی فوجی آپریشن کے اہداف پر عمل کر رہی ہیں اور پورے محاذ پر مستقل طور پر آگے بڑھ رہی ہیں۔
پوتن نے کہا کہ جنرل اسٹاف کے سربراہ اپنی رپورٹ میں پہلے ہی بتا چکے ہیں کہ فوجی دستوں نے پیش قدمی کی تیز رفتار حاصل کر لی ہے۔ ان کے مطابق صرف ستمبر کے مہینے میں ڈونباس اور نووروسیا کے 1300 مربع کلومیٹر سے زائد علاقے آزاد کرائے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کامیابی میں روسی فوجیوں اور افسران نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
روسی سرکاری خبر رساں ادارے تاس کے مطابق پوتن نے 16 اکتوبر کو اس دورے کے دوران یوکرین کی عسکری صنعتی تنصیبات اور لاجسٹک مراکز پر روسی حملوں کو سراہا۔ انہوں نے سویلین اور بالخصوص فوجی تنصیبات کے دفاع کی مؤثریت بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
پوتن نے کہا کہ روس کی سرحدی علاقوں کی مستقبل میں مکمل سلامتی کو یقینی بنانا روس کا ہدف ہے اور وہ یوکرین کے ساتھ ممکنہ امن مذاکرات میں سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی زون کے قیام کو بحث کا موضوع نہیں بنائیں گے۔