ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
سہ فریقی سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا نے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا ہدف حاصل کرتے ہوئے انگلینڈ کو شکست دے دی۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو جیت کے لیے 430 رنز کا ہدف دیا، جسے سری لنکا نے 8 وکٹیں گنوا کر حاصل کر لیا۔
میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ون ڈے تاریخ کے سب سے بڑے ٹوٹل کا ریکارڈ رکھنے والی انگلش ٹیم نے 4 وکٹوں پر 429 رنز بنائے۔ کپتان ہیری بروک نے 116 گیندوں پر 202 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔ دیگر بلے بازوں میں جو روٹ نے 69، ٹام بینٹن نے 50 اور بین ڈکٹ نے 29 رنز بنائے، جبکہ ول جیکس 66 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔ سری لنکا کی جانب سے دنتھ ویلالاگے نے 2، جبکہ لیاناگے اور ایستھا فرنینڈو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کا آغاز اچھا نہ رہا اور 23 کے مجموعی اسکور پر کمنڈو مینڈس آؤٹ ہو گئے، جس کے بعد کپتان کوشل مینڈس بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر اوشکا فرنینڈو اور پوون رتنانائیکے کے درمیان 166 رنز کی عمدہ شراکت قائم ہوئی جس نے سری لنکا کو جیت کی راہ پر ڈال دیا۔ اوشکا فرنینڈو 97 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد داسن شناکا نے پوون کا ساتھ دیتے ہوئے اسکور 323 تک پہنچایا۔
پوون رتنانائیکے 130 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، تاہم دوسرے اینڈ پر داسن شناکا نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور 97 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ وہ 363 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد جنیتھ لیاناگے نے برق رفتاری سے رنز بنائے اور صرف 27 گیندوں پر 61 رنز بنا کر ٹیم کو فتح کی لکیر عبور کروا دی۔ انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹنگ نے 3، سیم کرن نے 2، جبکہ جیمی اوورٹن اور لیام ڈاسن نے ایک ایک وکٹ لی۔ سری لنکا کے پوون رتنانائیکے کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کو اپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جہاں پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز اور انگلینڈ کو 87 رنز سے ہرایا تھا۔