امریکی ناکہ بندی کے باوجود چینی ٹینکر آبنائے ہرمز عبور کرگیا

Cargo ship Cargo ship

ماسکو (صداۓ روس)

آبنائے ہرمز میں امریکا کی جانب سے عائد کردہ ناکہ بندی کے باوجود ایک چینی ٹینکر گزرنے میں کامیاب ہو گیا، جسے حالیہ کشیدگی کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق شپنگ ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ Rich Starry نامی ٹینکر منگل کے روز آبنائے ہرمز عبور کر کے خلیج سے باہر نکلنے والا پہلا جہاز بن گیا ہے، جو امریکی ناکہ بندی کے نفاذ کے بعد اس راستے سے گزرا۔ رپورٹ کے مطابق اس ٹینکر اور اس کی مالک کمپنی Shanghai Xuanrun Shipping Co Ltd پر ایران کے ساتھ کاروباری روابط کے الزام میں امریکی پابندیاں عائد ہیں، تاہم کمپنی کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

اعداد و شمار کے مطابق یہ درمیانے درجے کا ٹینکر تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار بیرل میتھانول لے جا رہا تھا، جو اس نے حمریہ بندرگاہ (متحدہ عرب امارات) سے لوڈ کیا تھا، جبکہ اس پر چینی عملہ سوار بتایا گیا ہے۔ دریں اثنا، ایک اور امریکی پابندیوں کا شکار بحری جہاز Murli Keshan بھی آبنائے ہرمز کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ عراق سے تیل لوڈ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ مذکورہ جہاز ماضی میں روسی اور ایرانی تیل کی ترسیل میں بھی استعمال ہوتا رہا ہے۔