ایران کے پاس دسیوں ہزار ڈرونز اور میزائل ہو سکتے ہیں، روسی رکن پارلیمان

Iran missile Iran missile

ماسکو (صداۓ روس)

روس کے سینئر قانون ساز الیکسی پوشکوف نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ ممکنہ جنگ کے لیے مکمل طور پر تیار تھا اور اس کے پاس دسیوں ہزار ڈرونز اور میزائل موجود ہو سکتے ہیں۔ روسی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے روسی ایوان بالا فیڈریشن کونسل کی انفارمیشن پالیسی کمیٹی کے چیئرمین الیکسی پوشکوف نے کہا کہ ایرانیوں نے جنگ کے لیے بہت اچھی تیاری کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے اپنے تقریباً تمام میزائل تنصیبات زیر زمین منتقل کر دی ہیں جہاں انہیں نشانہ بنانا انتہائی مشکل ہے، جبکہ یہ تنصیبات ملک بھر میں مختلف مقامات پر پھیلا دی گئی ہیں۔

پوشکوف کے مطابق ایران کے پاس بظاہر دسیوں ہزار ڈرونز بھی موجود ہیں اور اس کے ساتھ بڑی تعداد میں میزائل بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تہران نے طویل عرصے سے عسکری، معاشی اور بقا کی سطح پر اس تیاری پر کام کیا ہے۔ روسی قانون ساز نے مزید کہا کہ یہ تنازع ایران کے لیے بقا کا مسئلہ ہے، اس لیے ایران آخری حد تک مزاحمت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے لیے یہ جنگ بقا کی جنگ نہیں بلکہ ایک اختیاری جنگ ہے، اسی وجہ سے امریکا کے اندر بھی کئی لوگ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کر رہے ہیں۔