ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
فرنٹیئر ایئر لائنز کی ایک پرواز کو امریکی شہر ڈینور کے ڈینور انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ٹیک آف کے دوران اُس وقت روکنا پڑا جب ایک نامعلوم شخص رن وے پر داخل ہو گیا اور طیارے سے ٹکرا کر ہلاک ہوگیا۔ مقامی حکام کے مطابق واقعہ جمعہ کی رات پیش آیا، جب مذکورہ شخص ایئرپورٹ کی حفاظتی باڑ پھلانگ کر رن وے تک پہنچا۔ حادثے کے تقریباً دو منٹ بعد طیارہ اس سے ٹکرا گیا۔ عینی شاہدین کی ویڈیوز میں طیارے کے انجن کے بلیڈز کو شدید نقصان پہنچا ہوا دیکھا گیا، جبکہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ شخص انجن کے اندر کھینچا گیا تھا۔ پائلٹ نے کنٹرول ٹاور کو اطلاع دیتے ہوئے کہا، “ہم رن وے پر رک رہے ہیں، ہم نے کسی شخص کو ٹکر ماری ہے، انجن میں آگ لگ گئی ہے، ایک فرد رن وے عبور کر رہا تھا۔” ایئر ٹریفک کنٹرول کی آڈیو میں اہلکاروں کو رن وے بند کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے سنا گیا، جبکہ ایک اہلکار نے بتایا کہ رن وے پر انسانی اعضا موجود ہیں اور ایک شخص ہلاک ہو چکا ہے۔
حادثے کے بعد طیارے کے انجن میں آگ بھڑک اٹھی اور کیبن میں دھواں بھر گیا، جس کے باعث Airbus A321 میں سوار 224 مسافروں کو ایمرجنسی سلائیڈز کے ذریعے باہر نکالا گیا۔ رپورٹس کے مطابق 12 مسافر معمولی زخمی ہوئے جبکہ پانچ افراد کو اسپتال منتقل کرنا پڑا۔ ایک مسافر نے مقامی ٹی وی چینل کو بتایا کہ طیارہ لمحہ بھر کیلئے زمین سے بلند ہوا مگر کسی چیز سے ٹکرانے کے بعد فوراً دوبارہ نیچے آگیا۔ امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹ Sean Duffy نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شخص کو کبھی بھی ایئرپورٹ میں غیر قانونی داخلے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔