اسلام آباد (صداۓ روس)
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں موسلادھار تو کہیں ہلکی بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ لاہور، گوجرانوالہ، حافظ آباد، شکر گڑھ، نارووال اور ملحقہ علاقوں میں بادل کھل کر برسے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ اولے بھی گرے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں اب تک اوسطاً 21.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاؤن میں 44 ملی میٹر، جوہر ٹاؤن ایس ڈی او آفس میں 37.5 ملی میٹر، لکشمی چوک پر 30 ملی میٹر اور مغل پورہ میں 29 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے تیز اسپیل کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا اور بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ لیسکو حکام نے بتایا کہ بارش تھمنے کے بعد 40 فیصد فیڈرز بحال کر دیے گئے ہیں۔ نارووال، قصور، گجرات اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ بھمبر آزاد کشمیر اور نکیال میں تیز ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔