ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے حکومت اور روسی وفاقی سلامتی سروس (ایف ایس بی) کو ہدایت دی ہے کہ انٹرنیٹ پر ممکنہ پابندیوں یا محدودیت کے دوران بھی شہریوں کو ضروری آن لائن خدمات تک بلا تعطل رسائی فراہم کی جائے۔ یکم جون کو کریملن کی پریس سروس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق روسی حکومت اور Federal Security Service (ایف ایس بی) مشترکہ طور پر ایسے اقدامات کریں گے جن کے ذریعے انٹرنیٹ معلوماتی و مواصلاتی نیٹ ورک پر عائد پابندیوں کے دوران بھی اہم خدمات کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام بالخصوص صحت کے شعبے سے متعلق نظاموں، سرکاری خدمات کے پورٹل اور ادائیگی کے الیکٹرانک نظاموں تک عوامی رسائی برقرار رکھنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ صدر پوتن کو اس حوالے سے پیش رفت کی رپورٹ یکم جولائی تک پیش کی جائے گی۔
کریملن کے مطابق اس ہدایت کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ انٹرنیٹ کے محدود ہونے کی صورت میں بھی شہری روزمرہ زندگی سے متعلق اہم سرکاری اور مالیاتی خدمات سے محروم نہ ہوں۔ دریں اثنا 30 مئی کو روسی حکومت نے دیہی علاقوں میں مواصلاتی سہولیات کی بہتری کے لیے ایک نئے منصوبے کی منظوری بھی دی تھی۔ اس منصوبے کے تحت ان علاقوں کی فہرست مرتب کی جائے گی جہاں ٹیلی کام آپریٹرز ریڈیو الیکٹرانک آلات اور بنیادی ڈھانچے کو مشترکہ طور پر استعمال کر سکیں گے۔ منصوبے کے مطابق متعلقہ معلومات موصول ہونے کے بعد روسی وزارتِ ڈیجیٹل ترقی، مواصلات اور ذرائع ابلاغ 30 روز کے اندر تجاویز کا جائزہ لے کر انہیں ٹیلی کام آپریٹرز کے پاس بھیجے گی، تاکہ دور دراز علاقوں میں مواصلاتی خدمات کو مزید مؤثر اور قابلِ رسائی بنایا جا سکے۔