ماسکو (صداۓ روس)
روسی متحدہ طیارہ ساز کارپوریشن (یو اے سی) نے ٹی یو-214 مسافر طیاروں کی فراہمی کا عمل باضابطہ طور پر شروع کر دیا ہے۔ اس بات کا اعلان کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر Vadim Badekha نے سینٹ پیٹرزبرگ بین الاقوامی اقتصادی فورم سے قبل ایک انٹرویو میں کیا۔ روسی خبر رساں ادارے تاس سے گفتگو کرتے ہوئے وادیم بادیخا نے کہا کہ ٹی یو-214 طیاروں کی سپلائی کا عمل پہلے ہی شروع ہو چکا ہے اور منصوبہ بندی کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے۔ ٹی یو-214 روس میں تیار کیا جانے والا دو انجنوں پر مشتمل درمیانی فاصلے کا مسافر بردار طیارہ ہے، جو تقریباً 4 ہزار 500 کلومیٹر تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ طیارہ اندرونِ ملک اور بین الاقوامی فضائی راستوں پر مسافروں کی نقل و حمل کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق گزشتہ سال دسمبر میں جدید بنایا گیا ٹی یو-214 طیارہ بنیادی ساخت میں کی گئی اہم تبدیلیوں کی منظوری حاصل کرنے میں کامیاب رہا تھا۔ اس دوران طیارے نے کامیابی سے سرٹیفکیشن آزمائشیں بھی مکمل کیں۔ آزمائشی مرحلے میں درآمدی مواد اور پرزہ جات کی جگہ روس میں تیار کردہ متبادل اجزا استعمال کیے گئے، جنہوں نے مطلوبہ معیار اور کارکردگی کے تقاضے پورے کیے۔ اس پیش رفت کو روس کی فضائی صنعت میں درآمدی انحصار کم کرنے کی پالیسی کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔