پی آئی اے کی 12 قیمتی جائیدادیں نجکاری منصوبے میں شامل

PIA PIA

اسلام آباد (صداۓ روس)

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی جاری نجکاری اور تنظیمِ نو کے عمل کے تحت قومی فضائی کمپنی کی ملک اور بیرونِ ملک موجود 12 قیمتی جائیدادیں نئے مالکان کے حوالے کیے جانے کا امکان ہے۔ اس اقدام کا مقصد ادارے کے مالی بوجھ میں کمی اور آپریشنل کارکردگی میں بہتری لانا بتایا جا رہا ہے۔ دستاویزات کے مطابق فروخت یا منتقلی کے لیے مختص اعلیٰ مالیت کے اثاثوں میں امریکا میں واقع ایک رہائشی جائیداد شامل ہے، جس کی مالیت تقریباً 1.935 ملین ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹرڈیم میں واقع سیلز آفس کی مالیت 2.105 ملین یورو جبکہ کنٹری مینیجر کی رہائش گاہ کی قیمت 7 لاکھ 67 ہزار یورو لگائی گئی ہے۔ بھارت میں پی آئی اے کی ایک رہائشی جائیداد کی مالیت 11 کروڑ 25 لاکھ بھارتی روپے جبکہ نئی دہلی میں واقع سیلز آفس کی قیمت 12 کروڑ 19 لاکھ بھارتی روپے سے زائد مقرر کی گئی ہے۔

پاکستان میں موجود جائیدادوں میں پشاور سیلز آفس سب سے مہنگا اثاثہ قرار دیا گیا ہے، جس کی تخمینہ مالیت 5 ارب 56 کروڑ روپے ہے۔ اسلام آباد سیلز آفس کی قیمت 2 ارب 68 کروڑ روپے، راولپنڈی بکنگ آفس کی مالیت 2 ارب 55 کروڑ روپے جبکہ کوئٹہ سیلز آفس کی قیمت تقریباً 91 کروڑ 60 لاکھ روپے لگائی گئی ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق نجکاری کے عمل کا مقصد پی آئی اے کے مالی خسارے میں کمی لانا، سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور قومی ایئرلائن کو ایک مستحکم اور منافع بخش ادارے میں تبدیل کرنا ہے۔