مردان کے قریب پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، دو پائلٹ شہید

Pakistan Air Force Pakistan Air Force

اسلام آباد (صدائے روس)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ معمول کی تربیتی مشق کے دوران خیبر پختونخوا کے ضلع مردان کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں پاک فضائیہ اور پاک بحریہ سے تعلق رکھنے والے دو پائلٹ شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں پاک فضائیہ کے پائلٹ **لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ** شامل ہیں، جبکہ دوسرے شہید پائلٹ کی شناخت کے حوالے سے مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب تربیتی پرواز معمول کی مشق میں مصروف تھی۔ اطلاعات کے مطابق طیارہ مردان کے علاقے کاٹلنگ روڈ پر جبر نہر کے قریب گر کر تباہ ہوا۔ حادثے کے نتیجے میں زمین پر موجود دو راہگیر بھی زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں طیارے کے گرنے کے بعد دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دیتے ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی میڈیکل اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمی افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کیا۔ سیکیورٹی اور متعلقہ اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں مکمل کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ حکام شواہد اور تکنیکی معلومات اکٹھی کر رہے ہیں تاکہ طیارے کے حادثے کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے۔ قومی حلقوں کی جانب سے شہید پائلٹس کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے، جبکہ ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔