اسلام آباد (صداۓ روس)
عید الاضحیٰ کے دوسرے دن سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے بعد دوستوں اور عزیزوں کی دعوتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ لوگ قربانی کے تازہ گوشت سے تیار مختلف پکوانوں کا لطف اٹھا رہے ہیں۔ دعوتوں میں کلیجی، مٹن پلاؤ، بیف بریانی اور کڑھائی کے مزے لیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ملائی بوٹی، سیخ کباب اور باربی کیو بھی پیش کیے جا رہے ہیں۔ نمکین کھانوں کے بعد میٹھیوں کا دور شروع ہوا ہے جہاں کھیر، قلفی اور آئس کریم سے مہمانوں کی تواضع کی جا رہی ہے۔ عید کے اس مبارک موقع پر گھروں میں خوشیوں کا ماحول ہے اور لوگ ایک دوسرے کے گھروں میں جاتے ہوئے عید کی خوشیاں بانٹ رہے ہیں۔