ہومپاکستانامیرالبحر کی زیر صدارت نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں کمانڈ اینڈ اسٹاف...

امیرالبحر کی زیر صدارت نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کا انعقاد

اسلام آباد (صدائے روس) پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نےکی۔

کانفرنس کے دوران خطے کی جیو اسٹریٹیجک صورتحال، قومی سلامتی، پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں، جوانوں کی تربیت اور فلاحی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ امیر البحر کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے اہم منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

نیول چیف نے پاک بحریہ کی جنگی تیاریوں اور میری ٹائم کے شعبے میں پاک بحریہ کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے بحری سیکیورٹی کو مضبوط بنانے اور جنگی تیاریوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا تاکہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا موثر جواب دیا جاسکے۔ امیرالبحر نے جدید ٹیکنالوجیز کے حصول سے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے کیے گئے اقدامات کو بھی سراہا۔ نیول چیف نے ملکی بحری سرحدوں کی حفاظت میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے سول انتظامیہ اور فلاحی تنظیموں کے تعاون سے سیلاب متاثرین کو مسلسل امداد فراہم کرنے پرفیلڈ کمانڈرز کی کوششوں کو بھی سراہا.

کمانڈاینڈ اسٹاف کانفرنس پاک بحریہ کا اعلٰی فیصلہ ساز فورم ہے جس میں امیر البحر کی سربراہی میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاک بحریہ کی پالیسیوں اور منصوبہ بندی کا جائزہ لیتے ہیں

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل