ہومانٹرنیشنلسفارتخانہ پاکستان پیرس میں پاکستان کے یوم آزادی کے حوالے سے پرچم...

سفارتخانہ پاکستان پیرس میں پاکستان کے یوم آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد

بی۔ایم۔خان پیرس
سفارتخانہ پاکستان پیرس میں آج صبح پاکستان کے یوم آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ قائم مقام سفیر محمد امجد عزیز قاضی نے پاکستانی کمیونٹی کے ارکان، سفارتخانے کے اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کی موجودگی میں قومی ترانے کی دھن پر پاکستانی پرچم بلند کیا۔ اس موقع پر صدر پاکستان، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

امجد عزیز قاضی نے پاکستانی کمیونٹی کے اراکین کو پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات پر مبارکباد دی اور کہا کہ چیلنجز کے باوجود پاکستان ایک متحرک سول سوسائٹی کے ساتھ ایک جدید جمہوری ریاست کے طور پر ترقی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان صنعت، سائنس اور ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ فن اور ثقافت کے شعبوں سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں ترقی کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ساتویں ایٹمی طاقت ہونے پر فخر ہے جو دنیا کی بہترین مسلح افواج کے ذریعے اپنا دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ پاکستان نے زراعت، انفراسٹرکچر کی ترقی اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں ترقی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے میدان میں بھی زبردست طاقت دکھائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی خواتین تمام اہم شعبوں میں بااختیار بن رہی ہیں۔ امجد عزیزقاضی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک کا اثاثہ قرار دیا اور فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے معاشرے کے تمام شعبوں میں ادا کیے گئے مثبت کردار کو سراہا۔

تقریب میں پاکستانی بچوں کے درمیان ڈرائنگ کے مقابلے کے ساتھ ساتھ ثقافتی پروگرام بھی شامل تھا جس میں پاکستان کے قومی نغمے گائے گئے اور مہمانوں کی تواضع روایتی پاکستانی کھانوں سے کی گئی۔ چانسری کی عمارت کو پاکستان کی تصاویر سے سجایا گیا تھا۔اس موقع پرسفارتخانے نے ایک پاکستانی مصورہ کے فن پاروں کی نمائش کا بھی اہتمام کیا۔ نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے قائم مقام سفیر نے ان کے کام کی انفرادیت کو سراہا اور کہا کہ پاکستانی فنکاروں کو ہمیشہ اندرون ملک اور بیرون ملک یکساں پذیرائی ملی ہے۔ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات کے سلسلے میں کیک بھی کاٹا گیا اور پاکستان کی خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔








Facebook Comments Box
انٹرنیشنل