ہومپاکستانپاکستان میں عام انتخابات: روسی مبصرین کی سینیٹر مشاہد حسین سے ملاقات

پاکستان میں عام انتخابات: روسی مبصرین کی سینیٹر مشاہد حسین سے ملاقات

پاکستان میں عام انتخابات: روسی مبصرین کی سینیٹر مشاہد حسین سے ملاقات

اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کا جائزہ لینے کے لئے روس کا ٨ رکنی مبصرین پر مبنی وفد اسلام آباد پہنچا جہاں انہوں نے پاکستان کے اعلی حکام سے ملاقات کی. سینیٹر مشاہد حسین سید، چیئرمین سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے روس کے سینیٹر ولادیمیر چژوف اور ان کے ساتھ آنے والے وفد کا استقبال کیا. روسی سینیٹر ولادیمیر چژوف کے ساتھ پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ پی خوریف، ایگور بوریسوف، ممبر الیکشن کمیشن آف رشین فیڈریشن اور یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں روسی سفارتخانے کے دیگر حکام نے اس ملاقات میں شرکت کی۔

اس موقع پر سینیٹر مشاہد نے روس کے سینیٹر چیزوف کی جانب سے پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات ٢٠٢٤ کے دوران بین الاقوامی مبصر کے طور پر دورہ پاکستان کرنے کا خیر مقدم کیا. سینیٹر چیزوف نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کے لیے روسی فیڈریشن کے دونوں ایوانوں کے اسپیکرز کی جانب سے ایک خط پیش کیا جس میں چیئرمین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔ سینیٹر مشاہد نے روسی وفد کو پاکستان میں آئندہ انتخابات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے ملک میں جمہوریت کی مضبوطی پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کے عوام میں جمہوری اقدار کی مضبوطی کو اجاگر کیا اور انتخابی نظام پر تبادلہ خیال کیا، جس میں امریکہ اور روس کے درمیان مماثلتیں ہیں۔

اس دوران پاکستان اور روس کے درمیان مضبوط تعلقات کی خواہش کا اعادہ کیا گیا جس میں عالمی سطح پر موجودہ تنازعات پر بات چیت کی گئی اور امن کے لیے علاقائی محاذ آرائیوں کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ سینیٹر مشاہد حسین نے روسی فیڈریشن کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات پر پاکستان کی تعریف کی اور متواتر اعلیٰ سطحی تبادلوں کے ذریعے مثبت رفتار کو اجاگر کیا۔

اس ملاقات کے دوران دوطرفہ سیاسی تعلقات اور آئندہ انتخابات زیر بحث رہے، سینیٹر مشاہد سید نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور روس کی دوستی مضبوطی سے قائم ہے، جو کہ جغرافیائی سیاسی حالات سے متاثر نہیں ہوتی۔ دونوں ممالک کے سینیٹرز نے طویل المدتی، کثیر جہتی شراکت داری قائم کرنے کے عزم کا اظہار کیا، خاص طور پر غذائی تحفظ، توانائی، دفاع اور عوام سے عوام کے رابطوں کے شعبوں میں بہتری لانے کا اعادہ کیا گیا.

دونوں ممالک کے اعلی حکام کی ملاقات کے دوران تجارتی اور اقتصادی تعلقات پر بھی توجہ دی گئی، سینیٹر مشاہد سید نے تجارت، توانائی، کنیکٹیویٹی، صنعت، مالیات اور آئی ٹی جیسے شعبوں میں توسیع اور ترقی کے بے پناہ امکانات کا ذکر کیا۔ سینیٹر مشاہد نے اس بات پر زور دیا کہ کنیکٹوٹی ایک اہم پہلو کے طور پر ابھری ہے، جس میں پاکستان نے شمالی-جنوبی ٹرانسپورٹ کوریڈور میں شمولیت میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، جیسا کہ صدر پوتن نے اپنے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب میں مدعو کیا تھا۔

اس ملاقات کے دوران کثیرالجہتی فورم پر تعاون بشمول پاکستان کی برکس میں شمولیت کی خواہش اور شنگھائی تعاون تنظیم کے فریم ورک کے اندر تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یوکرین کے جاری تنازع کو بھی تسلیم کیا گیا، پاکستان نے اپنے غیر جانبدارانہ موقف کا اعادہ کیا اور تنازع کا سفارتی حل تلاش کرنے کے لیے روس کی سفارتی روایات پر اعتماد کا اظہار کیا۔ یاد رہے فروری ٢٠٢٢ میں یوکرین کے تنازع کے آغاز کے بعد سے پاکستان نے غیر جانبدارانہ موقف پر زور دیا ہے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور اقوام متحدہ کے دیگر فورمز پر روس مخالف قراردادوں پر ووٹ دینے سے بارہا انکار کیا ہے۔

دونوں سینیٹرز نے اپنے تعلقات کو وسعت دینے کے بے شمار مواقع کی نشاندہی کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مفادات کی یکسانیت کو تسلیم کیا۔ سینیٹر مشاہد نے تمام مذاہب کے احترام کو اجاگر کرتے ہوئے غزہ اور اسلامو فوبیا پر روس کے موقف کو سراہا۔

اختتامی کلمات میں روسی فیڈریشن کے الیکشن کمیشن کے ممبر ایگور بوریسوف نے روس میں انتخابی نظام کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے سینیٹر مشاہد کے خیالات کا خیرمقدم کیا اور ریاستی خودمختاری کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کو سراہا۔ بوریسوف نے بین الاقوامی خودمختاری میں انتخابات کے اہم کردار پر زور دیا۔

دونوں سینیٹرز نے اپنے عوام کے باہمی فائدے کے لیے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور علاقائی سلامتی اور عالمی استحکام میں کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں