ہومپاکستانسعودی وفد کے دورے سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی: وزیراعظم...

سعودی وفد کے دورے سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی وفد کے دورے سے پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔

نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، وزیر اعظم نے ابتدائی گفتگو میں کابینہ کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی اور رمضان المبارک کی برکتوں کے طفیل پاکستان کیلئے ترقی و خوشحالی کی دعا کی۔شہباز شریف نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے مشکور ہیں کہ میرے حالیہ دورے کے بعد انکی خصوصی دلچسپی کے تحت سعودی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا۔وزیرِ اعظم نے وفاقی کابینہ اور متعلقہ حکام کی سعودی وفد کے کامیاب دورے کیلئے کاوشوں کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا کہ سعودی وفد پاکستانی وزراء اور حکام کی تیاری سے متاثر ہوا اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے اس کا برملا اظہار کیا، سعودی وفد کے دورے کے نتیجے میں پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں اسی طرح محنت اور لگن سے اس سرمایہ کاری کی پاکستان میں آمد اور منصوبوں کی تکمیل یقینی بنانا ہے، اس حوالے سے نہ تو پرانے طریقہ کار پر چلنے کی گنجائش ہے اور نہ میں اسکی اجازت دونگا۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ عوام سے کئے گئے عہد کے مطابق پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دن رات محنت کریں گے، مجھے پورا یقین ہے کہ اگر ہم اسی طرح محنت کرتے رہے تو پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور معاشی استحکام کے اہدف جلد حاصل کر لیں گے۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل