ہومUncategorizedپاکستان وہ چاہتا ہے جو کشمیری چاہتے ہیں، شفقت علی خان

پاکستان وہ چاہتا ہے جو کشمیری چاہتے ہیں، شفقت علی خان

ماسکو: اشتیاق ہمدانی
روس کے دارالحکومت ماسکو میں کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضہ کے خلاف دنیا بھر کی طرح ماسکو میں یوم سیاہ منایا گیا. تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا. اس تقریب کے دوران ہیڈ آف چانسلری رانا ثمرجاوید نے صدر پاکستان کا پیغام پڑھ کر سنایا، اور ڈپٹی ہیڈ آف مشن محمد طیب نے وزیراعظم پاکستان کا پیغام پڑھ کر سنایا. جبکہ اس تقریب میں نظامت کے فرائض سیکنڈ سیکرٹری نازیہ شیخ نے بخوبی ادا کئے. اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روس میں متعین پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان کشمیر کا وہ فیصلہ چاہتا ہے جو کشمیری چاہتے ہیں.

ان کا کہنا تھا کہ کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ اپنے خون سے کر رہے ہیں. سفیر پاکستان نے شرکا سے خطاب کے دوران کہا کہ کشمیر کے حوالے سے مجھے میرے دوست، اور صحافی اکثر کہتے تھے کہ آپ کی بات تو درست ہے مگر بھارت کی بڑھتی ہوئی معیشت کی وجہ سے کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ بھارت کے حق میں کر سکتے ہیں. لیکن آج یہ ثابت ہوگیا کہ بھارت کی معیشت جتنی بھی مظبوط ہو جائے آزادی کی فکر اعداد و شمار سے نہیں ناپی جاتی. ان کا کہنا تھا کہ آزادی کی فکر اور تحریک کسی بھی قوم کی اولین ترجیح ہوتی ہے جسے معاشی شرح نمو سے نہیں تولا جا سکتا. ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کا جذبہ آزادی اور ولولہ تاریکی میں روشنی کا سفر ہے جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کشمیریوں نے اپنی منزل کا انتخاب کر لیا ہے.

شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ بھارت سیاسی اور اخلاقی سطح پر یہ کیس ہار چکا ہے. پاکستان سفارت کار نے کہا کہ بھارت کا 5 اگست والا اقدام کمان سے پھینکا گیا آخری تیر تھا. ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہمیشہ اپنی اخلاقی حمایت جاری رکھے گا. ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کو تاریخی موڑ کے لئے بحثیت قوم تیار رہنا ہوگا.

تقریب کے اختتام میں کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم بھی شرکا کو دکھائی گئی. اس تقریب کے دوران پاکستان اور کشمیری قومی ترانوں کی دھنیں بجائی گئیں. اس تقریب میں روس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی، اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی.

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل