ہومپاکستانتحریک عدم اعتماد غیر آئینی قرار، قومی اسمبلی تحلیل کردی گئی

تحریک عدم اعتماد غیر آئینی قرار، قومی اسمبلی تحلیل کردی گئی

تحریک عدم اعتماد غیر آئینی قرار، قومی اسمبلی تحلیل کردی گئی

اسلام آباد(صداۓ روس)
پاکستان کی سیاست میں آج بنیادی تبدیلیاں واقع ہوئی ہیں. قومی اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر اسمبلی قاسم سوری نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ نہیں کرائی اور اسے غیر آئینی قرار دے کر مسترد کردیا۔ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا ۔ اجلاس مقررہ وقت سے 38 منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔ اجلاس شروع ہوتے ہی پی ٹی آئی ارکان نے عمران خان کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے کون بچائے گا پاکستان، عمران خان عمران خان کے نعرے لگائے۔ تحریک انصاف کے 17 ارکان قومی اسمبلی اپوزیشن لابی میں بیٹھے ہیں۔ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے تحریک عدم اعتماد کو آئین و قانون کے منافی قرار دے کر مسترد کردیا اور اجلاس کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا۔ اجلاس میں عدم اعتماد کی تحریک پربحث بھی نہیں کرائی گئی۔

اپوزیشن نے شدید شور شرابا، ہنگامہ آرائی اور احتجاج شروع کردیا ہے۔ ایوان میں شدید نعرے بازی جاری ہے۔ ادھر حکومتی ارکان نے امریکہ کا جو یار ہے غدار ہے کے نعرے لگائے۔ دوسری جانب صدر مملکت نے وزیراعظم کی تجویز پر قومی اسمبلی توڑ دی جس کے بعد وفاقی کابینہ تحلیل ہوگئی، وزیراعظم نے کہا ہے کہ قوم عام انتخابات کی تیاری کرے، بیرون ملک سے پلانٹ کی گئی سازش ناکام بنانے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

سرکاری ٹی وی کے ذریعے قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان ںے کہا کہ بیرون ملک سے پلانٹ کی گئی سازش کو آج ڈپٹی اسپیکر نے مسترد کردیا جس پر میں پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، پوری قوم پریشان تھی کہ غداری ہورہی تھی، میں انہیں پیغام دے رہا ہوں کہ اس طرح کی سازش یہ قوم کامیاب نہیں ہونے دے گی، ہم نے آئینی طاقت استعمال کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد کو مسترد کردیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ صدر مملکت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے اور نئے انتخابات کی تجویز بھیج دی ہے، قوم عام انتخابات کی تیاری کرے، مجھے گزشتہ روز سے لوگ پیغامات دے رہے تھے کہ لوگ آپ سے غداری کررہے ہیں اور رقومات لے رہے ہیں، جنہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے پیسے لیے وہ ان رقومات کو لنگر خانوں میں دے دیں۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے ٹویٹ کیا کہ اسمبلی تحلیل ہوچکیں اب آئندہ 90 دن میں انتخابات ہوں گے، ‏غداروں اور ضمیر فروشوں عوام میں آؤ، بیرونی سازشوں اور بند کمروں سے باہر نکلو، اب آپ کو انتخابات سے راہ فرار اختیار نہیں کرنے دے گے۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل