ہومتازہ ترینپاکستان نےافغانستان سے فتح چھین لی، سیریز اپنے نام کرلی

پاکستان نےافغانستان سے فتح چھین لی، سیریز اپنے نام کرلی

پاکستان نےافغانستان سے فتح چھین لی، سیریز اپنے نام کرلی

کولمبو انٹرنیشنل ڈیسک
پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر سیریز جیت لی ہے۔ جمعرات کے روز سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو جیتنے کے لیے 301 رن کا ہدف دیا تھا، جو پاکستان نے نسیم شاہ کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت آخری اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کر لیا۔
اس سے قبل پاکستان نے 301 رنز کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ نویں اوور میں اس وقت گرگئی جب فخر زمان 30 رنز بنانے کے بعد فضل حق فاروقی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

ان کے بعد کپتان بابر اعظم نے 66 گیندوں پر 53 رنز بنائے، لیکن وہ بھی فضل حق فاروقی کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ محمد رضوان صرف دو رن بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔
آغا سلمان بھی محض 14 رنز ہی بنا سکے اور محمد نبی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اسامہ میر وکٹ پر ابھی قدم جما بھی نہ پائے تھے کہ کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
امام الحق نے سب سے زیادہ 91 رن بنائے جس کے بعد وہ مجیب الرحمان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ساتویں وکٹ افتخار احمد کی گری جو 17 رنز بنا کر عبدالرحمان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
شاہین شاہ آفریدی چار رنز بنانے کے بعد فضل حق کا شکار بنے اور ان کے بعد میچ کے سنسنی خیز مرحلے میں شاداب خان 48 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔
نسیم شاہ نے میچ کے آخری اوورز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت سے ہمکنار کروایا۔
پاکستان کو دو گیندوں پر تین رنز کی ضرورت تھی اور سٹرائیک پر نسیم شاہ موجود تھے۔ اوور کی پانچویں گیند پر نسیم شاہ نے ایک بار پھر تیز شاٹ کھیلنے کی کوشش کی اور گیند ان کے بیٹ کا کنارہ لے کر وکٹوں کے پیچھے باؤنڈری کراس کر گئی اور پاکستان میچ جیت گیا۔
افغان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 300 رن بنائے۔
افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گُرباز نے 14 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 151 گیندوں پر 151 رن کی اننگز کھیلی۔ اُن کے علاوہ ابراہیم زدران نے 80 اور محمد نبی نے 29 سکور بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے دو جبکہ اُسامہ میر اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اگر افغانستان کی اننگز کی بات کی جائے تو افغان اوپنرز رحمان اللہ گُرباز اور ابراہیم زدران نے پہلی وکٹ کے لیے 227 رن کی شاندار شراکت قائم کی۔
پاکستان کو پہلی کامیابی 39.5 اوورز میں 227 کے سکور پر ابراہیم زدران کی وکٹ کی صورت میں ملی جب وہ اُسامہ میر کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اُن کے بعد رحمان اللہ گرباز 256 کے ٹیم سکور پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کھڑے محمد رضوان کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔
افغانستان کی تیسری وکٹ راشد خان کی صورت میں گری جب وہ دو کے انفرادی سکور پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔
افغانستان کی چوتھی وکٹ رَن آؤٹ کی نذر ہوئی جب شاہد اللہ ایک رن بنا کر شاہین آفریدی کی تھرو پر رَن آؤٹ ہوگئے۔
افغان ٹیم کی پانچویں وکٹ 294 رن پر گری جب نسیم شاہ کی گیند پر محمد نبی 29 کے سکور پر آؤٹ ہو گئے۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں